وادی بمبوریت رومبور اور بریر میں علم کی شمع روشن کرنے والے اور وادیوں کے محسن استاد مرحوم محمد وزیر خان کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس

چترال ( محکم الدین ) وادی بمبوریت رومبور اور بریر میں علم کی شمع روشن کرنے والے اور وادیوں کے محسن استاد مرحوم محمد وزیر خان کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس گورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت کے سبزہ زار میں منعقد ہوا ، جس کے مہمان خصوصی چترال میں علم وادب و ثقافت کے مایہ ناز پیکرمحمد جاوید حیات تھے ، جبکہ صدر محفل کے فرائض مرحوم استاد کے کلاس فیلو محکم الدین نے انجام دی ، تعزیتی ریفرنس میں مرحوم استاد کے برادران محمد حکیم خان ، محمد اعظم ، غلام عبدالنادر اور ان کے فرزند استاد احسان اللہ علاقے کے سیاسی و سماجی شخصیات ، عمائدین ، اساتذہ ، طلبہ اور اقلیتی مرد وخواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، حافظ حیات الدین کی تلاوت سے محفل کا آغاز ہوا ، محبوب جلال نے نعت شریف کی سعادت حاصل کی ، استاد مطیع الرحمن ، استادامیر الدین، اور ابرارالحق نے مرحوم استاد کی یاد میں لکھے ہوئے مرثیے ترنم کے ساتھ پیش کرکے محفل کے تمام شرکاء کا اشکبار کردیا ، اس موقع پر مرحوم استاد محمد وزیر خان کی پوری زندگی ، تعلیمی خدمات ، طلبہ سے محبت و شفقت ، دیانتداری ، فرض شناسی اور اپنے علاقے کے بچوں کی بہتر مستقبل کیلئے ان کی شبانہ روز محنت اور درد دل پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔ اور ان کی خدمات کو رہتی دنیا تک یاد رکھنے کے قابل قرار دیا گیا ، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ انہوں نے وادیوں میں تعلیم کی شمع روشن رکھنے کیلئے والدین اور طلبہ کی منتیں کیں ، ان کے آگے ہاتھ جوڑے، تاکہ کوئی بھی تعلیم سے محروم نہ رہے ، اور اپنی متاثر کن اخلاق سے سب کو اپنا گرویدہ بنایا ۔ اور وادیوں کو علم سے منور کردیا ، مقررین نے کہا ۔ کہ جس طرح سرناصر الملک کو چترال میں جدید تعلیم کا بانی قرار دیا جاتا ہے ، اسی طرح استاد محمد وزیر خان وادیوں میں جدید تعلیم کو گھر گھر پہنچانے کی بنا پر اس اعزاز کے مستحق ٹھہر چکے ہیں ، انہوں نے حصول علم میں اقلیت و اکثریت کا امتیاز نہیں رکھا ، اور سب کو بلا امتیاز تعلیم سے بہراور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، یہی وجہ ہے ۔ کہ وادیوں میں ننانوے فیصد اس کے شاگرد ہیں ، اور ملک کے اندر اور ملک سے باہر تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں ، اس موقع پر مہمان خصو صی اور صدر محفل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ استاد محمد وزیر خان نے اپنی دیانتداری اور فرض شناسی کے بل بوتے پر معاشرے میں اپنا مقام بنایا ۔ آج وادی کے تمام لوگ انتہائی احترام و ادب سے ان کا نام لیتے ہیں ، جو کہ دیگر اساتذہ کیلئے ایک سبق ہے ۔ کہ جو بھی قوم کیلئے درد رکھتے ہوئے استاد محمد وزیر خان کی طرح جذبے سے اپنے طلبہ کی کامیابی کیلئے کوشش کرے گا ۔ قوم اس کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ اس موقع پر استاد محمد وزیر خان کی یاد میں شاندار تعزیتی ریفرنس کے انعقاد پر مقررین نے لوکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ہدایت اللہ اور ان کے ساتھی اساتذہ کی تعریف کی ۔ تعزیتی ریفرنس سے مہمان خصوصی محمد جاوید حیات اور صدر محفل محکم الدین کے علاؤہ صدر ایل ٹی اے ہدایت اللہ ، استاد محمد شفیق ، سابق پی ٹی سی ممبر عبد الجبار ،استاد امیر الدین ، سنئیر استاد مختار احمد ، مطیع الرحمن ، چیرمین اے وی ڈی پی شریف احمد ، ریٹائرڈ صوبیدار شیر حسین ، اقلیتی ممبر شیر محمد، چیر مین وی سی بمبوریت خلیل الرحمن ، امیدوار ضمنی الیکشن چترال حلقہ چترال ون بزرگ استاذ ، استاد محمد نواز ، رہنما ٹیچرز ایسوسی ایشن چترال زاہد عالم ، سابق اقلیتی خاتون کو نسلر ملت گل اور اقلیتی خاتون میر کاپی نے خطاب کیا ۔ اور شاندار الفاظ میں مرحوم استاد محمد وزیر خان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ واضح رہے کہ استاد محمد وزیر خان چالیس سال درس و تدریس کی خدمات انجام دینے کے بعد ملازمت سے سبکدوش ہو چکے تھے ۔ اور دو مہینے پہلے وفات پا چکے تھے ۔