339

پوری قوم کی طرف سے چترالی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے سے ملک میں سیاسی بحران میں اضافہ ہوگا اور سیاسی افراتفری میں اضافہ ہوگا جبکہ موجود ہ حالت میں تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مسائل کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اور عام آدمی اب مہنگائی ،لوڈ شیڈنگ، بدامنی اور دہشت گردی سے نجات چاہتا ہے اور وہ سیاست معاملات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا اورہم چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتیں اپنے مدت پورا کریں جس سے سیاسی استحکام میں اضافہ ہوگا۔ بدھ کے روز اپنے دورہ چترال کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سب کو بلاچون وچرا قبول کرنا چاہئے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے میں دوسری جماعتوں کا ساتھ دے تو یہ اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگی۔ چترال پہنچنے کے بعد ایون اور بروز کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں ان کے اندازے سے کہیں ذیادہ ہے اور وہ اسے قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے پوری قوم کی طرف سے چترالی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق اور جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مغفرت شاہ کی موجودگی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چترال کے طول وغرض میں ڈھائی ہزار گھروں کا مکمل طور منہدم ہونا اور باغات ، زرعی زمینوں ،سینکڑوں پلوں ،سڑکوں، بجلی گھروں ، ہسپتالوں، سکولوں، واٹر سپلائی اسکیموں اورایریگیشن چینلوں کا سیلاب میں بہہ جانا بہت بڑا نقصان ہے اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے غیر معمولی اقدام مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔ جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہاکہ چترال میں بڑے پیمانے پر تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے چترال ایر یا ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کا قیام ناگزیر ہے جس کے بغیر چترال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے چترالی عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ریلیف اور بحالی کے کاموں کی تکمیل تک ان کو جماعت اسلامی کی مکمل حمایت اور مدد حاصل رہے گی جبکہ سانحے کے بعد سے الخدمت فاونڈیشن کے ایک ہزار سے ذیادہ رضاکار ضلعے کے مختلف حصوں میں ریلیف کے کاموں میں دن رات حصہ لے رہے ہیں اور پہاڑی راستوں میں پیٹھ پر راشن اٹھاکر اپنے بہن بھائیوں تک پہنچاتے رہے۔ سراج الحق نے ریلیف میں حصہ لینے پر پاک آرمی کے جوانوں اور دوسرے غیر سرکاری تنظیموں کو سراہتے ہوئے کہاکہ سب سے قابل قدر خدمت انجام دیا ہے اور مقامی میڈیا بھی خراج تحسین کے مستحق ہے جس نے اس سانحے کی کماحقہ کوریج کی۔ایک سوال کے جواب اُنہوں نے کہا اگر متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے کوئی قرضہ لیا ہے توتمام قرضہ جات کی معافی کے لئے آواز اُٹھائی جائیگی ۔ایک دوسرے سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چترال میں ضلعی نظامت کے لئے جماعت اسلامی کی ضرور حمایت کریگی۔ جماعت اسلامی کے امیر جمعرات کے روز چترال کے دیگر سیلاب زدہ علاقوں گرم چشمہ، موڑکھو، تورکھو، ریشن، شوغور اور بمبوریت کا بھی دورہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں