276

ضلع کونسل عشریت نشست کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی منگل کے روز ہوگی

دروش(نامہ نگار) ضلع کونسل وارڈ عشریت کی نشست کے لئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی منگل 10نومبر کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق عشریت کے حلقے سے ضلع کونسل کیلئے حلقے سے منتخب جے یو آئی کے ممبر مولانا انعام الحق کی کامیابی کے حوالے سے مخالف امیدوارپیپلز پارٹی کے احسان اللہ نے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا تھا ۔ انتخابی عذر داری میں موقف اختیار کی گئی تھی کہ اس حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے جس پر الیکشن ٹریبونل نے احسان اللہ کے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے مذکورہ حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا جسکے خلاف مولانا انعام الحق نے دارالقضاء سوات سے حکم امتناعی لے لی ۔ گذشتہ روز دارا لقضاء نے حکم امتناعی کو مسترد کرتے ہوئے ووٹوں کے دوبارہ گنتی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ اس حوالے سے ریٹرننگ آفیسر اسسٹنٹ کمشنر دروش بشارت احمد نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے 10نومبر منگل کا دن مقرر کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس حلقے سے جیتنے والے جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا انعام الحق اور پیپلز پارٹی کے احسان اللہ کے درمیان صرف 6ووٹوں کا فرق ہے۔اس حلقے کے نتائج مختلف ہونے سے چترال کی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہونے کی امید کی جارہی ہے ۔ واضح رہے اس وقت ضلع کونسل میں جمعیت علماء اسلام کے کل 12ممبران ہیں مگر یہ دو گروپوں میں بٹے ہوئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چار ممبران موجودہیں۔ اگر یہ نشست پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی تو پیپلز پارٹی کے جنرل نشستوں کی تعداد چار ہو جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں