262

جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل علی عامر اعوان نے گذشتہ روز پیدا ہونے والے کشیدہ حالات کا جائزہ لینے کیلئے چترال کا دورہ

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال ) جی او سی ملاکنڈ ڈویژن میجر جنرل علی عامر اعوان نے گذشتہ روز پیدا ہونے والے کشیدہ حالات کا جائزہ لینے کیلئے چترال کا دورہ کیا ۔ جی او سی نے چترال پہنچنے کے بعد کشیدہ حالات کے دوران متاثر ہونے والے علاقوں ،چترال بازار اور امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے چترال سکاؤٹس آفیسر مس میں چترال کے علماء سے تفصیلی بات چیت کی ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن اخترحیات گنڈا پور ، کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل نظام الدین شاہ اور ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ بھی موجود تھے ۔ جی او سی نے علماء سے چترال کے امن کو برقرار رکھنے کیلئے اُن کے کردار کی تعریف کی ۔ انہوں نے علماء سے ماحول کو ساز گار بنانے اور چترال کے روایتی اور مثالی امن کے تحفظ کیلئے مزید کردار ادا کرنے کے توقع کا اظہار کیا تاکہ سماج دشمن عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔ علماء نے جی او سی کو یقین دلایا ۔ کہ چترال کا امن اُن کیلئے انتہائی مقدم ہے ۔ اور انہوں نے ہمیشہ امن ، بھائی چارے کے فروغ کو اولیت دی ۔ اور آیندہ بھی اپنی یہ ذمہ داریاں ملک اور چترال کے عوام کے بہتر مفاد میں انجام دیتے رہیں گے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ۔ کہ توہین رسالت کے مرتکب شخص کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔ تاکہ آیندہ کسی اور کو اس قسم کے ملعونیت کے ارتکاب کرکے اسلام اور مسلمانوں کی دل آزاری کی ہمت نہ ہو سکے ۔اور چترال کے امن کو بھی نقصان نہ پہنچے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں