213

علماء کی طاقت سے 2018ء کے انتخابات کو اسلامی انقلاب میں تبدیل کریں گے۔علماء و مشائخ کانفرنس

پشاور/امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 07مئی کو تاریخ ساز علماء و مشائخ کانفرنس منعقد کررہے ہیں جس میں صوبہ بھر کے علماء شریک ہوں گے۔ علماء و مشائخ کانفرنس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ہوں گے اور صدارت جمعیت اتحاد العلماء کے مرکزی صدر شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک کریں گے۔ علماء و مشائخ کانفرنس صوبے کی سیاست کا رخ موڑ دے گی۔ کانفرنس میں اسلامی نظام، علماء کے مسائل اوردینی مدارس کے مسائل سمیت دیگر مسائل پر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں گے۔ علماء حریت، آزادی ، اسلام ، شعائر اسلام اور اسلامی تہذیب کے محافظ ہیں۔ علماء کی قیادت میں پاکستان کو جدید ترین اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ مہنگائی ، لوڈ شیڈنگ ،غربت اور مغربی طاقتوں کی غلامی سیکولر قیادت کے تحفے ہیں۔ سیکولر روشن خیالوں نے پاکستان کو لوٹ مار کا اڈہ بنایا ہے۔ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کے لئے ہر قربانی دیں گے۔علماء کی طاقت سے 2018ء کے انتخابات کو اسلامی انقلاب میں تبدیل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں المرکزالاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے امراء اضلاع و ایجنسیز اور جمعیت اتحاد العلماء کے صدور اضلاع و ایجنسیز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امراء مولانا محمد اسماعیل، مولانا اسداللہ، ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، جمعیت اتحاد العلماء خیبر پختونخوا کے صدر مولانا عبدالاکبر چترالی، جنرل سیکرٹری مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن، ڈپٹی سیکرٹی جنرل جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا ہدایت اللہ، ڈاکٹر ظاہر شاہ و دیگر شریک تھے۔ اجلاس میں امراء و صدور اضلاع و ایجنسیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ جمعیت اتحاد العلماء کی رکنیت سازی مہم جاری ہے اور اپریل کے آخر تک پندرہ ہزار علماء کو جمعیت اتحاد العلماء کا ممبر بنایا جائے گا۔ یہ علماء کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کو اسلامی پاکستان بنانے اور نظام مصطفی ﷺ کے قیام کی جدوجہد کے لئے کوشش کرنے کا عہد کریں گے۔ علماء اسلامی انقلاب کے لئے جماعت اسلامی کا ہراول دستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ اسلام اور شعائر اسلام کے خلاف پراپیگنڈوں میں مصروف ہے۔ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ سیکولر و لبرل طبقہ کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور دینی مدارس، علماء اور مساجد کے تحفظ کے لئے ہر طاقت سے ٹکرائیں گے۔علماء اسلامی نظام کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان کو ایک جدید ترین اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ظلم کی انتہا ہے۔ خیبر پختونخوا بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے لیکن یہاں کے عوام بجلی سے محروم ہیں۔ وفاقی حکومت لوڈ شیڈنگ ختم کرکے صوبے کے عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کرے۔ جماعت اسلامی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف احتجاج کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں